Saturday, 5 April 2014

گوال پوکھر لودھن ہائی اسکول میں ووٹر بیداری مہم کے تحت تقریب کا انعقاد



(طیب فرقانی بیورو چیف بصیرت آن لائن )
ووٹ ہمارا بنیادی حق ہے اور ہر حقدار کو اپنے حق کااستعمال ضرور کرنا چاہئے ۔عام انتخابات قریب ہیں اور ہم سبھی کو انتخاب کے دن پولنگ بوتھ پر جاکر ضرور ووٹ ڈالنا چاہئیے ۔ان خیالات کا اظہار یہاں گوال پوگھر لودھن ہائی اسکول میں اسکول کے صدر مدرس ماسٹرشبیر احسن نے کیا ۔وہ ووٹر بیداری مہم کے تحت منعقد پروگرام میں موجود طلبا ،اساتذہ اور سرپرستوں سے خطاب کر رہے تھے ۔اس بار الیکشن میں زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈالے جانے کے لئے ووٹر بیداری ڈے کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔جس کے تحت اسکولوں میں تقریب منعقد کرکے طلبا کے سرپرستوں سے ایک حلف نامے کے تحت یہ حلف لیا جارہا ہے کہ وہ حالیہ عام انتخابات میں اپنے حق کا استعمال ضرور کریں گے ۔اسی سلسلے کے تحت گوال پوکھر لودھن ہائی اسکول میں اسکول کے صدر مدرس ماسٹر شبر احسن کی رہنمائی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس سے پہلے طلبا کو اطلاع دے دی گئی تھی کہ اپنے سرپرستوں کو تقریب میں لے کر آئیں تاکہ بیداری کی یہ مہم سب تک پہنچ سکے ۔قریب گیارہ بجے طلبا اپنے سرپرستوں کے ساتھ اسکول کے میدان میں جمع ہوئے اور صدر مدرس نے یہاں موجود تمام طلبا ،ان کے سرپرست اور اساتذہ سے خطاب کیا ۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ اپنے پسند کے امیدوار کوہی ووٹ دیں لیکن ووٹ کے دن غیر حاضر نہ رہیں اپنے حق کا استعمال ضرور کریں ۔انہوں نے بتایا کہ اس بار ووٹنگ مشین میں ایک خانہ ایسا بھی ہوگا جس کو دبا کر آپ یہ بتا سکیں گے کہ آپ کو آپ کے علاقے سے انتخاب لڑ رہا کوئی بھی امیدوار پسند نہیں ہے اس لئے اگر آپ یہ سوچتے ہیں کہ آپ کو کوئی بھی امیدوار پسند نہیں یا آپ کی امیدوں پر کھرا اتر نے والا نہیں تو بھی آپ الیکشن بوتھ پر ضرور جائیں اور اپنا احتجاج درج کرائیں ۔اس موقعے پر ماسٹر زبیر نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے ووٹ کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ ہمارا بنیا دی حق ہے اور ہم اس کا استعمال ضرور کریں ۔قومی ترانے کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا ۔اس موقعے پر ماسٹر مسلم نوری ،عبدالخالق ،طیب عالم ،خورشید عالم ،گوتم داس ،گوبند برمن ،جہاں آرا عبدالصمد اور غلام حسنین کے ساتھ بڑی تعداد میں طلبا ،ان کے سرپرست اور اسکول کے تدریسی وغیر تدریسی اسٹاف موجود رہے ۔
ذیل میں لنک دی گئی ہے
http://baseeratonline.com/2014/04/04/%da%af%d9%88%d8%a7%d9%84-%d9%be%d9%88%da%a9%da%be%d8%b1-%d9%84%d9%88%d8%af%da%be%d9%86-%db%81%d8%a7%d8%a6%db%8c-%d8%a7%d8%b3%da%a9%d9%88%d9%84-%d9%85%db%8c%da%ba-%d9%88%d9%88%d9%b9-%d8%a8%db%8c%d8%af/

No comments:

Post a Comment

اچھے تبصرے کے لئے ہمیشہ شکر گزار