Friday, 28 March 2014

مغربی بنگال میں اب پرائمری ٹیٹ بھی خطرے میں

(طیب فرقانی بیورو چیف بصیرت آن لائن حلقہ شمالی دیناج پور )
مغربی بنگال کے بورڈ آف پرائمری ایجوکیشن نے نوٹس جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ الیکشن کی وجہ سے پرائمری ٹیٹ غیر معینہ مدت کے لئے موخر کردیا گیا ہے ۔واضح ہو کہ بورڈ نے ۱۸؍فروری ۲۰۱۴ کو پرائمری ٹیچر کے لئے اہلیتی امتحانات کا اعلان کیا تھا ۔جس کے مطابق ۳۰؍مارچ ۲۰۱۴ کو امتحانات منعقد ہونا تھے جس میں وہ سارے امیدوار بھی شرکت کرنے والے تھے جو پچھلے امتحانات میں ناکام رہے تھے اور نئے امیدواروں کے لئے الگ سے رول نمبر اور امتحانات کے مقامات کا اعلان کرنا باقی تھا ۔عجیب بات یہ ہے کہ اس طرح کے تمام امتحانات میں حکومت کی لاپرواہیوں اور حکومت مخالف لابیوں کی وجہ سے مقدمات کا ایک طول سلسلہ شروع ہوجاتا ہے ۔نتیجے میں عام آدمی بس امیدوں کے سہارے جیتا رہتا ہے ۔اس بار کا پرائمری ٹیٹ بھی اس سے محفوظ نہ رہ سکا ۔آخر کار اسی ہفتے کولکاتا ہائی کورٹ نے یہ حکم دیا کہ پرائمری ٹیٹ اپنے وقت پر ہی کرائے جائیں اور تربیت یافتہ امیدواروں کو ہی ترجیح دی جائے ۔اس حکم کے بعد ان تمام لوگوں نے راحت کی سانس لی تھی جو ٹیٹ کی تیاری کر رہے تھے اور اس شش و پنج میں تھے کہ امتحانات منعقد ہون گے یا نہیں ۔لیکن اچانک ہی حکومت نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور پھر سے ٹیٹ امتحانات کو موخر کردیا گیا جس کی وجہ سے امیدواروں میں اضطراب پایا جاتا ہے ۔امیدواروں کا کہنا ہے کہ یہ حکومت کی ناکامی ہے جو عوام کو دھوکہ دے کر ووٹ بٹورنے کی سیاست کر رہی ہے ۔اگر الیکشن کی وجہ سے ہی امتحانات موخر کرنا مان لیاجائے تو کیا حکومت کو الیکشن کی خبر پہلے سے نہ تھی ۔ایسے ہی ایک امیدوار اکبر نے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اعلانات کر کے حکومتیں عوام کو اس دھوکے میں رکھتی ہیں کہ وہ ان کی خیر خواہ ہے اور پھر کوئی بہانہ بنا کر امتحانات موخر کردئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو کام پچھلی حکومت کر رہی تھی وہی موجودہ حکومت دہرانے میں لگی ہے اور مغربی بنگال کو ہر سطح پر پیچھے لے جایا جارہا ہے ۔واضح ہو کہ بورڈ کی ویب سائٹ بھی غیر فعال رہتی ہے ۔اور وقت پر امیدواروں کو اطلاعات نہیں مل پاتی ہے ۔
ذیل میں لنک ملاحظہ کریں

http://baseeratonline.com/2014/03/28/%d9%85%d8%ba%d8%b1%d8%a8%db%8c-%d8%a8%d9%86%da%af%d8%a7%d9%84-%d9%85%db%8c%da%ba-%d8%a7%d8%a8-%d9%be%d8%b1%d8%a7%d8%a6%d9%85%d8%b1%db%8c-%d9%b9%db%8c%d9%b9-%d8%a8%da%be%db%8c-%d8%ae%d8%b7%d8%b1%db%92/

No comments:

Post a Comment

اچھے تبصرے کے لئے ہمیشہ شکر گزار